عمر اکمل نے مداحوں کو کیوں گرفتار کرایا؟

لاہور: کرکٹر عمر اکمل کا آٹوگراف لينے کے ليے آنے والے 4 مداحوں کے ساتھ جھگڑا، ملزمان کو تھانے ميں بند کرديا گیا۔
عمر اکمل نے گزشتہ رات کو آٹوگراف لینے آنے والے 4 مداحوں کو تھانے میں بند کروادیا، جس کے جواب میں دوسری پارٹی نے بھی کرکٹر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے ہاتھا پائی کے دوران 15 پر پوليس کو کال کرکے اطلاع دی، جس پر پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لےلیا۔ حراست ميں ليے جانے والوں ميں برطانوی شہریت کا حامل فرد بھی شامل ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق کرکٹر کی درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمے کا اندراج کيا جارہا ہے، عمراکمل اور ملزمان کے درمیان جھگڑا کرکٹر کے گھر کی دہلیز پر ہوا۔
پولیس حکام نے مزید کہا کہ ملزمان نشے میں دھت تھے، گرفتار کیے گئے افراد کی گاڑی سے شراب کی بوتل برآمد ہوئی تھی۔
پوليس کے مطابق عمراکمل کی آٹو گراف اور سيلفی لينے آئے مداحوں سے تکرار ہوئی، جس پر کرکٹر اور مداحوں ميں گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
مخالف پارٹی نے بھی عمراکمل کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی ہے، درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھ سیلفی لینے پر عمر اکمل نے گالم گلوچ کی، ملازمین سے مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعہ گزشتہ روز عمر اکمل کی رہائش گاہ ڈيفنس بی ميں پيش آيا تھا۔
گزشتہ دنوں ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمراکمل ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں کرکٹر نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معافی مانگی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔