خلیل الرحمٰن قمر نے عروہ حسین سے معافی کیوں مانگی؟

کراچی: فلموں اور ڈراموں کی خوبرو اداکارہ عروہ حسین کا کہنا ہے کہ ماضی میں جہاں مقبول ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر ان سے ناراض ہوئے تھے اور انہیں برا بھلا کہا تھا، وہیں انہوں نے ان سے معافی بھی مانگی تھی مگر ان کی معافی مانگنے کی ویڈیو وائرل نہیں کی گئی۔
عروہ حسین کے انٹرویو کی کلپ نجی ٹی وی کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔ مختصر دورانیے کی کلپ میں عروہ حسین نے واضح کیا کہ انہوں نے خلیل الرحمٰن کی لکھی ہوئی فلم کاف کنگنا میں کام کرنے سے انکار نہیں کیا تھا بلکہ جس وقت فلم کی شوٹنگ شروع ہوئی، اُس وقت وہ دوسرے پروجیکٹ میں مصروف تھیں، جس وجہ سے وہ اس میں کام نہیں کرپائیں۔

عروہ نے بتایا کہ ان کی جانب سے کاف کنگنا میں کام نہ کیے جانے پر خلیل الرحمٰن قمر ان پر بہت ناراض ہوئے تھے اور ٹی وی پر آکر انہیں برا بھلا بھی کہا تھا۔
اداکارہ کے مطابق جہاں خلیل الرحمٰن قمر نے ان پر تنقید کی تھی، وہیں انہوں نے انہیں چھوٹی بہن بھی قرار دیا تھا۔
عروہ حسین نے دعویٰ کیا کہ ٹی وی پر تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر ان کے گھر آئے تھے اور انہوں نے اداکارہ سے معافی بھی مانگی تھی۔
اداکارہ کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے معذرت کی، جس پر اداکارہ نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹی وی پر معافی مانگیں۔

عروہ حسین کا کہنا تھا کہ ان کے مطالبے پر خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے معافی کی کلپ بھی بنائی جو بدقسمتی سے اتنی زیادہ وائرل نہیں ہوئی، کیوں کہ وہ مثبت ویڈیو تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈراما و فلم نگار نے انہیں اپنی بیٹی قرار دیتے ہوئے ان سے معافی مانگے اور انہیں گلے بھی لگایا۔
خیال رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے 2018 میں مختلف انٹرویوز میں عروہ حسین پر تنقید کرتے ہوئے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی خوف ناک قرار دیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔