حج محدود کرنے کا فیصلہ، ڈبلیو ایچ او کا خیرمقدم
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث حج کو محدود کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت نے عالمگیر وبا کورونا کے باعث رواں برس حج کو محدود کیا ہے، جس کے تحت غیر ملکیوں کو حج پر آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ صرف ایک ہزار عازمین اس بار حج کا فریضہ انجام دیں گے۔
سعودی حکومت کے فیصلے پر ردعمل میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے اپنے علاقوں اور معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ کھولنا شروع کردیا ہے، ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیسے لوگوں کے بڑے مجمع کو محفوظ کیا جائے جو بہت اہم ہوگیا ہے اور خاص طور پر دنیا کے سب سے بڑے اجتماع حج کے لیے یہ بات درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کا فیصلہ مختلف صورت حال کے تجزیے اور خطرے کے اندازے کی بنیاد پر ہے جو وبا کو کم کرنے اور عازمین کے تحفظ کے لیے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت نے سعودی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے لہٰذا تمام ممالک عوامی صحت کو اولین ترجیح بناتے ہوئے مشکل فیصلے کریں۔