کیا واٹس ایپ نمبر سے کوئی بھی آپ کا اکاؤنٹ بند کرواسکتا ہے؟
نیویارک: کوئی بھی ایسا شخص جس کے پاس آپ کا واٹس ایپ نمبر موجود ہو، وہ آپ کا اکاؤنٹ مکمل طور پر بند کرواسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کی اس نئی خامی کو استعمال میں لانے کے لیے ہیکرز دو مختلف ویکٹرز کا استعمال کرتے ہیں، نئی ڈیوائس پر واٹس ایپ انسٹال کرنے کے بعد چیٹ سروس فعال کرنے کے لیے ہیکر آپ کا نمبر ڈالتا ہے تاہم ٹو-فیکٹر اتھینٹیکیشن سسٹم کے سبب وہ اس کی تصدیق نہیں کرپاتا۔ کیونکہ واٹس ایپ اپنے صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے ایپ پر لاگ ان کے لیے ٹو-فیکٹر اتھینٹیکیشن کا طریقہ کار فراہم کرتا ہے اور یہ ایک 6 ہندسوں کا کوڈ ہے جو ہیکر کو موصول نہیں ہوپاتا۔
متعدد مرتبہ لاگ ان ہونے کی کوشش میں ناکامی کے بعد صارف کا لاگ ان اگلے 12 گھنٹوں کے لیے بند کردیا جائے گا۔
صارف کا اکاؤنٹ بند کیے جانے کے بعد ہیکر اپنے ای میل ایڈریس سے واٹس ایپ انتظامیہ کو مطلع کرتے ہوئے صارف کا نمبر اپنا ہونے کا دعویٰ کرسکتا اور کہہ سکتا ہے کہ آپ کا فون گم گیا یا پھر چوری ہوگیا ہے لہٰذا اکاؤنٹ کو غیر فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
واٹس ایپ انتظامیہ ای میل ریپلائی کے ذریعے تصدیق کیے جانے کے بعد صارف کا اکاؤنٹ معطل کرسکتی ہے جب کہ ہیکر اس عمل کو دوبارہ یقینی بنائے گا تاکہ مکمل طور پر آپ کا اکاؤنٹ غیر فعال کروایا جاسکے۔
اگرچہ اس حملے کا آغاز سیکیورٹی ٹیسٹ کے طور سیکیورٹی ریسرچرز لوئس مارکز کارپینٹیرو اور کینالس پیرینا نے کیا لیکن یہ نتائج پریشان کن تھے۔
دوسری جانب واٹس ایپ انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن فی الحال اس کا کوئی حل موجود نہیں۔