کل عدالت عظمیٰ میں ٹی ایل پی کیخلاف ریفرنس دائر کریں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں کل تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر امن کو یقینی بنایا، 580 پولیس والے زخمی ہیں اور سب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری کوشش کی کہ بات چیت سے مسئلے حل ہوں، تاہم ان کے ارادے بہت خطرناک تھے اور وہ اپنے ایجنڈے سے پیچھے ہٹنا نہیں چاہتے تھے، میں دو برس سے مسلسل ٹی ایل پی سے رابطے میں رہا، مگر ٹی ایل پی فیض آباد آنے پر بضد تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی پر پابندی کے نوٹیفکیشن کے لیے ضروری کارروائی کی جارہی ہے، کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی کی منظوری دی، کچھ ہی دیر میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہوجائے گا جب کہ کل سپریم کورٹ میں ٹی ایل پی کے خلاف ریفرنس بھی دائر کردیں گے۔
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ دو سال کوشش کرتا رہا ہوں کہ ٹی ایل پی ریگولر سسٹم میں آئے، اسمبلی میں قرارداد کے حوالے سے ہم پیچھے نہیں ہٹے تھے تاہم حکومت قرارداد کا ایسا مسودہ لانا چاہتی تھی جس سے ہم پر سفارتی سطح پر کوئی اثر نہ پڑے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔