وزنی کمبل گہری نیند کے لیے معاون

اسٹاک ہوم: سرد موسم میں وزنی کمبل کیونکر گہری نیند کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزنی کمبلوں کی فروخت میں اضافے کا سبب محض ایک رجحان نہیں بلکہ اس کے نیند پر مثبت اثر قرار دیا جارہا ہے۔
سوئیڈن کی اُپسالا یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وزنی کمبل گہری اور آرام دہ نیند کا سبب بننے والے ہارمون کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہیں۔
محققین کو معلوم ہوا ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے سوتے وقت وزنی کمبل اوڑھا ان میں ایک عام کمبل اوڑھنے والوں کی نسبت میلاٹونِن کی سطح 30 فیصد سے زیادہ تھی۔
میلاٹونِن ہارمون دماغ کی جانب سے قدرتی طور پر ہر رات خارج کیا جاتا ہے تاکہ کسی شخص کو تھکا ہوا محسوس کراسکے اور ہماری اندرونی گھڑی کو ترتیب دے سکے۔
وزنی کمبل کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ عصبی نظام کو آرام دہ کرتا ہے، بے چینی کی کچھ علامات جیسے کہ دل کی تیز دھڑکن یا تیز سانس کو کم کرتا ہے۔ جب آپ تناؤ میں ہوتے ہیں تو آپ کا دل تیزی سے دھڑکتا ہے جو میلاٹونِن کی پیداوار کو روکتا ہے۔
سوئیڈن کی اُپسالا یونیورسٹی کے محققین نے 26 افراد کا دو راتوں تک معائنہ کیا۔ ایک رات میں شرکاء وزنی کمبل اوڑھ کر سوئے جب کہ دوسری رات انہوں نے معمول کی چادر استعمال کی۔
جرنل آف سلِیپ ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق میں استعمال کیے جانے والے کمبلوں کے وزن کا موازنہ شرکاء کے وزن سے کیا گیا۔ کمبلوں کا وزن شرکاء کے وزن کا 12.2 فیصد تھا جب کہ معمول کی چادروں کا وزن 2.2 فیصد تھا۔
تحقیق میں شریک افراد رات 10 بجے کے قریب سوگئے اور 11 بجے تک ہر 20 منٹ کے وقفے پر ان کے لعاب کا نمونہ لیا گیا۔ نتائج میں معلوم ہوا کہ گھنٹے کے آخر میں وزنی کمبل اوڑھ کر سونے والوں میں میلاٹونِن کی پیداوار 32 فیصد زیادہ ہوئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔