وزن کم کرنے کے لیے کیا جانے والا علاج بلڈپریشر میں کمی کا باعث

نیو ہیون: دو نئے مطالعوں میں وزن کم کرنے کے لیے مخصوص علاج کو اپنانے والے افراد کے بلڈپریشر میں واضح کمی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن جرنل ہائپر ٹینشن میں پیر کو شائع شدہ پہلی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ وزن یا موٹاپے کا شکار وہ افراد جنہوں نے 9 ماہ تک ٹرزپاٹائڈ نامی دوا کا استعمال کیا تھا، ان کا بلڈپریشر واضح طور پر کم ہوا تھا۔
دوسری تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ افراد جنہوں نے بیریئٹرک سرجری کروائی تھی ان کے بلڈپریشر میں پانچ سال بعد صرف ادویہ پر انحصار کرنے والوں کے مقابلے میں واضح بہتری آئی تھی۔
ییل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ماہرِ امراض قلب ڈاکٹر ہارلن کرُمہولز کے مطابق ان دو مطالعوں میں مختلف علاجوں اور ان کے نتائج کا جائزہ لیا گیا، لیکن دونوں نے مجموعی طور پر اس خیال کے لیے مضبوط دلائل پیش کیے کہ موٹاپے کا مؤثر علاج دل کی مجموعی صحت کی بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ موٹاپے اور بلند فشار خون، ذیابیطس اور دیگر قلبی مسائل جیسی بیماریوں کے درمیان تعلق بہت پرانا ہے، لیکن یہ نیا دور ہے اور اب ہمارے پاس ایسے وسائل (انسداد موٹاپا ادویہ اور سرجری) ہیں جو انتہائی مفید ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔