وہاج علی ایشیا کی 10 مقبول ترین شوبز شخصیات میں شامل ہوگئے

کراچی: اداکار وہاج علی رواں سال کی ایشیا کی 10 مقبول ترین شوبز شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مشہور اخبار ایسٹرن آئی نے معروف اداکار وہاج علی کو نمبر ون پاکستانی اسٹار قرار دے دیا اور اس کے ساتھ ہی برطانوی اخبار نے 2023 کی ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز کی فہرست بھی جاری کردی ہے۔
ایسٹرن آئی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ایشیا کی اُن شوبز شخصیات کے نام شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے 2023 میں فلم، ٹی وی، سوشل میڈیا، موسیقی اور ادب سمیت مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مقبولیت حاصل کی ہے۔
فہرست کے مطابق پاکستانی اداکار وہاج علی نے 2023 کی ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز کی فہرست میں نویں پوزیشن حاصل کی ہے، اس کامیابی کے بعد وہاج علی نے کئی نامور ہالی وُڈ اور بولی وُڈ اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
برطانوی اخبار کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان پہلے نمبر پر ہیں، اُنہوں نے یہ پوزیشن رواں سال اپنی دو سُپرہٹ فلموں پٹھان اور جوان کی ریکارڈ توڑ کامیابی کی وجہ سے حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق 2023 کی ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز کی فہرست میں وہاج علی کے علاوہ دیگر پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں جن میں سجل علی، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی، حدیقہ کیانی، عروج آفتاب اور بلال عباس خان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ وہاج علی رواں سال ڈرامہ تیرے بن میں مرتصم کے کردار اور مجھے پیار ہوا تھا میں اپنی بہترین اداکاری کے سبب شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، وہ ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہیں۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔