اسامہ ستی کے والد کی وزیراعظم سے ملاقات

اسلام آباد: مقتول اسامہ ستی کے والد ندیم یونس ستی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے اسامہ ستی کی روح کے ایصال ثواب اور پس ماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ عمران خان نے الم ناک واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے والد کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسامہ ستی کے والد کو فون کرکے واقعے کی انکوائری رپورٹ پر بات چیت کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ کی طرف سے انکوائری کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کو دیکھ لیں، رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کو آگے بھجوایا جائے گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ کا فیصلہ ہے کہ اسامہ ستی کے والد جس طرح تحقیقات کروانا چاہیں حکومت پوری مدد کرے گی، اگر ہائی کورٹ کے جج سے انکوائری کروانی ہے تو اس پر بھی راضی ہیں اور آپ کے جواب کا منتظر ہوں، اطلاع دیں تو وزارت داخلہ کی طرف سے وزارت قانون کو خط لکھوں گا۔
وزیر داخلہ نے ندیم ستی سے کہا کہ تحقیقات سے آپ کا مطمئن ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے، اسامہ کا واقعہ بہت بڑا اور قابل مذمت ہے، آزادانہ اور مکمل تحقیقات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، ہماری اولین ترجیح ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان مطمئن ہو۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔