یوکرین میں خواتین فوجیوں کی انوکھی پریڈ!
کیو: یوکرین میں خواتین فوجیوں کی اونچی ہیل کی سینڈل پہن کر انوکھی پریڈ سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ روایتی یونیفارم میں ملبوس خواتین فوجیوں نے بھاری بھر کم آرمی بُوٹ کے بجائے اونچی ہیل والی سینڈل پہنی اور کسی پریشانی کے بغیر پریڈ مکمل کی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین فوج کی زیر تربیت خاتون فوجیوں نے سوویت یونین کے خاتمے کی 30 ویں سالگرہ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک پریڈ میں حصہ لیا۔ معمول کی پریڈ نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی اور ہر کوئی اسی سے متعلق بات کررہا ہے۔
یوکرین میں خواتین فوجیوں کے لباس میں ترمیم کرتے ہوئے سینڈل پہننے کی بھی اجازت دے دی گئی، جس کے بعد پہلی بار اونچی ہیل کی سینڈل پہن کر پریڈ کی گئی۔
یوکرین وزارت دفاع کی جانب سے جاری تصاویر میں خواتین فوجیوں کو فوجی جوتوں کے بجائے اونچی ہیل والی سینڈل پہن کر پریڈ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ آرمی بُوٹ کے بجائے اونچی ایڑی والی سینڈل پہن کر پریڈ ایک مشکل کام ہے تاہم خواتین فوجیوں نے یہ بھی کردکھایا۔
دوسری جانب سینڈل پہن کر پریڈ کرنے پر خاتون فوجیوں کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے، ملک کے اہم تبصرہ نگاروں نے اس عمل کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے خواتین کے فوجی لباس میں سینڈل کو شامل کرنے پر حکومتی اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔