ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے ہرادیا

بنگلورو: ون ڈے ورلڈکپ کے انتہائی اہم اور بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے زیر کرلیا۔
بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، جواب میں پاکستان ٹیم نے 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رن بنائے تھے، اوپنر رچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان کین ولیمسن 95 پر آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر ڈیوون کانوے 35، ڈیرل مچیل 29، مارک چپمین 39، گلین فلپس 41 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ مچیل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 11 رن پر گری اور عبداللہ شفیق صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ایک وکٹ کے بعد بابراعظم اور فخر زمان نے کریز سنبھالی اور فخر زمان نے کیویز بولرز کی خوب درگت بنائی۔
فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 9 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے کیریئر کی 11 ویں سنچری بنائی جو ورلڈکپ میں ان کی پاکستان کی طرف سے تیز ترین سنچری ہے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 402 رن کے ہدف کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 160 رن بنائے تھے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا اور ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان کو 41 اوور میں 342 رن کا ہدف ملا۔
پہلی مرتبہ بارش رکنے سے قبل پاکستان نے 21.3 اوور میں ایک وکٹ پر 160 رن بنائے تھے، نیوزی لینڈ نے 21 اوور میں ایک وکٹ پر 133 رن بنائے تھے، پاکستان ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر 10 رن آگے تھا۔
دوسری مرتبہ بارش سے میچ رکا تو ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت پاکستان 21 رنز آگے تھا، 25.3 اوور پر پاکستان کو ایک وکٹ پر 179 رنز کرنا تھے۔
قومی ٹیم نے اس وقت تک 25.3 اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنائے تھے تاہم بارش مسلسل جاری رہنے کے باعث میچ ختم کردیا گیا اور پاکستان کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 21 رن سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
فخر زمان 126 رن بنا کر ناقابل شکست رہے، بابر اعظم 66 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔