پائلٹ کی غلطی، طیارے کی غیر فعال ہوائی اڈے پر لینڈنگ

لوساکا: افریقی ملک زیمبیا میں پائلٹ نے غلطی سے مال بردار طیارہ اصل ایئرپورٹ سے کچھ دور زیر تعمیر اور غیر فعال ہوائی اڈے پر اتار دیا جب کہ کنٹرول ٹاور سے بار بار یہی پوچھا جاتا رہا کہ آپ کہاں ہیں اور ہمیں نظر کیوں نہیں آرہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق زیمبیا کے ایک ایئرپورٹ پر اُس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایتھوپین ایئر لائنز کا کارگو طیارہ ایک ایسے ایئرپورٹ پر اتر گیا، جو ابھی زیر تعمیر تھا اور ابھی تک وہاں فضائی آپریشن شروع نہیں ہوا تھا۔
لینڈنگ کے دوران مال بردار طیارے کا پائلٹ مسلسل ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے میں رہا اور اپنی لوکیشن بتاتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت مانگتا رہا جب کہ کنٹرول ٹاور سے یہی پوچھا جاتا رہا کہ آپ کہاں ہیں اور ہمیں نظر کیوں نہیں آرہے ہیں۔
کنٹرول ٹاور کو طیارہ نظر بھی کیسے آتا، کیوں کہ جس رن وے پر لینڈنگ کرنا تھی، اس کے بجائے پائلٹ 15 کلومیٹر دُور زیر تعمیر ایئرپورٹ کے اوپر چکر لگارہا تھا اور وہیں کسی طرح طیارہ اتار بھی دیا۔
طیارہ جس ایئرپورٹ پر اترا اس کا افتتاح گزشتہ برس ہونا تھا لیکن کورونا کے باعث ایسا نہ ہوسکا اور تمام پروازیں دوسرے ہوائی اڈے پر اتاری جاتی رہیں۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔