مجھے اللہ کی ذات کے بعد شریف فیملی سے امید ہے، عمر اکمل
لاہور: مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ اللہ کے بعد انہیں شریف خاندان پر بھروسہ ہے۔
عمر اکمل نے اہلیہ سمیت نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا، جس میں میزبان نے ان سے مریم نواز اور نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کیا کہ کرکٹر نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے بجائے ان سے ملاقات کیوں کی۔
عمر اکمل نے جواب میں کہا، انسان کے ذاتی تعلقات ہوتے ہیں، میں شریف فیملی سے کسی میٹنگ کے لیے نہیں گیا تھا، میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مریم نواز، شہباز شریف اور نواز شریف صاحب سے میں نے جب ملاقات کی خواہش کی انہوں نے مجھے وقت دیا۔
انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں مسائل تھے، میں کیس جیت گیا تھا لیکن کرکٹ پھر بھی نہیں مل رہی، کچھ لوگ مجھ سے بہت پرسنل ہوچکے ہیں۔
عمر اکمل نے کہا کہ میں شریف خاندان کے پاس درخواست لے کر گیا تھا، انہیں اپنی کارکردگی دکھائی، مجھے اللہ کی ذات کے بعد شریف فیملی سے امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے یہ لوگ میرے مسائل کو جلد حل کریں گے اور مجھے موقع ملا تو جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آؤں گا۔
اس شو میں شریک عمر اکمل کی اہلیہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر میں آج تک عمر جیسا ہارڈ ہٹر نہیں آیا، جو عمر کے پاس ریکارڈ ہے وہ کسی کے پاس نہیں ہے، عمر اکمل کی ہارڈ ہٹنگ انہیں دوسرے بیٹرز سے مختلف بناتی ہے۔