اومیکرون، یو اے ای میں چار ممالک کے شہریوں کا داخلہ بند

دبئی: اومی کرون پھیلنے کے خدشے کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات نے چار ممالک کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کینیا، تنزانیہ، ایتھوپیا اور نائیجیریا کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔
یو اے ای کی قومی ایمرجنسی کرائسس مینجمنٹ اور سول ایوی ایشن نے ان چاروں ممالک سے ٹرانزٹ پسینجرز کو لانے والی نیشنل اور انٹرنیشنل پروازوں کو بھی معطل کردیا ہے جس کا اطلاق 25 دسمبر سے ہوگا، تاہم ٹرانسپورٹ پسینجرز کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رہے گا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس پابندی میں ایسے افراد شامل ہوں گے جنہوں نے متحدہ عرب امارات آنے سے قبل 14 روز تک ان چار ممالک میں قیام کیا ہوگا۔
اس کے علاوہ ایسے مسافر جو پابندیوں کی زد میں شامل نہیں، انہیں یو اے ای آنے کے لیے 48 گھنٹے قبل کیا گیا کورونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا جب کہ روانگی سے 6 گھنٹے پہلے بھی ان کا ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ امارات کے شہریوں پر ان چار افریقی ممالک کے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔