چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کی ملاقات

راولپنڈی: ترکیہ (ترکی) کی لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل موسیٰ کا جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات ہوئی، سیکیورٹی، علاقائی امور سمیت افغانستان کی صورت حال پر بات چیت کی گئی جب کہ باہمی فوجی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر ترک لینڈ فورسز جنرل موسیٰ اوسیور نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سلامتی اور علاقائی امور سمیت افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت کے علاوہ دوطرفہ فوجی رابطوں اور تعاون کو مزید بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ہر موسم کے دوست ہونے کے ناتے، پاکستان اور ترکی گہرے اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کو پائیدار شراکت داری میں تبدیل کرتے رہیں گے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ قریبی فوجی اور اسٹرٹیجک تعاون کے لیے دونوں ممالک تمام قومی اور بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔