پاکستان، نیوزی لینڈ، بنگلادیش کے درمیان سہ فریقی سیریز، ٹرافی کی رونمائی

کرائسٹ چرچ: پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے مابین سہ فریقی سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ہونے جارہا ہے، اس سلسلے میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔
پی سی بی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سہ فریقی سیریز کی ٹرافی تصاویر شیئر کیں جس میں کپتان بابراعظم، کیوی کپتان کین ولیمسن اور بنگلادیش کے قائم مقام کپتان نور الحسن کو دیکھا جاسکتا ہے۔
تینوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر کرائسٹ چرچ کے مختلف مقامات پر بنائی ہیں۔
قبل ازیں قومی ٹیم سہ ملکی سیریز میں شرکت کے لیے منگل کو کرائسٹ چرچ پہنچی تھی۔ پاکستان 7 اکتوبر کو اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔ سہ فریقی سیریز کے اختتام پر قومی ٹیم 16 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچے گی۔
دوسری جانب ورلڈکپ سر پر آنے کے باوجود نیوزی لینڈ تاحال موزوں ترین الیون کی تشکیل میں ناکام رہا ہے، پاکستان اور بنگلادیش کے ساتھ شیڈول ہوم ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں بھی تجربات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سیریز کا پہلا میچ جمعے کو کرائسٹ چرچ میں مہمان سائیڈز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔