طالبان پولیٹیکل کمیشن کا وفد پاکستان پہنچ گیا!

اسلام آباد: ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کا 9 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق قطرمیں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان پولیٹیکل کمیشن کا 9 رکنی وفد قطر سے آنے والی پرواز کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ اس موقع پر سیکبورٹی کے کڑے انتظامات کیے گئے اور وفد کو سرکاری مہمان کا درجہ دیا گیا۔ سینئر پاکستانی حکام نے وفد کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق طالبان پولیٹیکل کمیشن کا وفد 16 سے 18 دسمبر تک پاکستان میں تین دن قیام کرے گا اور حکومتی عہدیداران سے مذاکرات کرے گا، جس کے دوران افغان امن عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں طالبان سیاسی کمیشن کا وفد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرے گا، پاکستان خطے اور افغانستان میں پائیدار امن کے لیے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ امن مذاکرات کے سلسلے میں طالبان سیاسی دفتر کے وفد نے گذشتہ سال اگست میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران پاک افغان امن مذاکرات کے حوالے سے اہم پیش رفت بھی سامنے آئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔