توشہ خانہ کیس، عمران کی نااہلی کیخلاف درخواست پر فل بینچ تشکیل

لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف درخواست پر فل بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں شہری جابر علی نے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے درخواست دائر کی، جس میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قراردینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا ہے، جس میں جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس ساجد محمود بھی شامل ہیں جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی بینچ کے سربراہ ہیں۔
دھیان رہے کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا کہ توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے اثاثوں سے متعلق فارم بی سے مطابقت نہیں رکھتیں، تحائف کتنے میں بیچے، کس کو بیچے، کب بیچے، عمران خان کی دی گئی تفصیلات اسٹیٹ بینک کی جانب سے فراہم کیے گئے ریکارڈ سے مطابقت نہیں رکھتیں، عمران خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تحفے بیچے، رقم کیش میں لی، چالان بھی دیے کہ رقم بینک میں آئی، مگر جو رقم بینک میں آئی وہ اصل رقم کے نصف سے بھی کم ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔