کراچی میں مزید بارش ہوگی، تھنڈر سیلز شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، محکمہ موسمیات

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مزید بارش کا امکان ہے اور دوپہر میں بادل برس سکتے ہیں البتہ بارش ہلکی سے معتدل رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہر میں کل دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے جب کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی پر تھنڈرسیلز موجود ہیں جو کراچی کی جانب بڑھ رہے ہیں،
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ سندھ کے زیادہ تر علاقوں اور شمال میں بھی کل تک ہی بارش کاسلسلہ رہےگا اور کراچی میں مجموعی طورپرہلکی بارش کی صورتحال رہےگی، دن کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہے گی جو کل صبح تک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کل صبح کے بعدسے بارش کا سلسلہ ختم ہوجائےگا جب کہ شہر میں رات کا درجہ حرارت 12،13سینٹی گریڈ تک گرسکتاہے، کراچی میں جنوری کے شروع کے 10 دن تک سردی کی باقاعدہ لہر نہیں آئے گی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سائبیرین ہواؤں کو مغرب سے آنے والی ہواؤں نے ہٹادیا ہے لہٰذا کراچی میں زیادہ سردی نہیں آئےگی اور سنگل ڈیجٹ میں آنے کا امکان نہیں۔
سردار سرفراز نے کہا کہ یکم جنوری سے ملک میں اچھی بارش ہونے کی توقع ہے ، بار ش اور برفباری لانے والی ہواؤں کا تسلسل آتا رہےگا، پورے ملک سے سائبیرین ہوائیں ہٹی ہوئی ہیں ، بلوچستان میں 31 دسمبر یا یکم جنوری سے ایک اور لہر آئے گی، چار پانچ جنوری تک گہری دھند کا سلسلہ چھٹ جانے کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں مزید بارش ہوئی تو ہلکی ہی ہوگی اس سے شہر میں دھند کی صورتحال پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔