تاجروں نے دکانیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا
کراچی: حکومت کی جانب سے مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجر برادری نے مسترد کردیا۔
اس حوالے سے تاجر رہنماؤں عتیق میر، جمیل پراچہ، شرجیل گوپلانی نے کراچی میں پریس کانفرنس کی ہے۔
جمیل پراچہ نے کہا کہ ہم نے 10 بجے تک دکانیں اور 12 بجے تک شادی ہال بند کرنے کی تجویز دی تھی، لیکن ہماری نہیں سنی گئی، ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے، یہ ہمارا سیزن ہے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، ایسے فیصلوں سے معیشت تباہ ہوجائے گی، حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے۔
شرجیل گوپلانی نے کہا کہ پورٹ پر کنٹینر پر ڈیمیجنگ کی مدد میں لاکھوں ڈالرز باہر جارہے ہیں، مگر ہمیں ڈالرز نہیں دیے جارہے، بلکہ زبردستی امپورٹرز کے اکاؤنٹس سے پیسے نکالے جارہے ہیں، ہماری دکانیں بند ہوگئیں تو بے روزگاری بڑھ جائے گی، اگر زبردستی فیصلہ تھوپا گیا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
عتیق میر نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ مسترد کرتے ہیں، اگر زبردستی دکانیں بند کرائی گئیں تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس حکومت کے پاس وزرا نہیں وہ بہتر فیصلے کیسے کررہے ہیں، وزیر دفاع توانائی کے فیصلے کررہا ہے، مراعات یافتہ طبقے کی مراعات حکومت کیوں ختم نہیں کررہی، وزرا غیر ضروری غیر ملکی دورے ختم کریں۔