استاد نے 53 سال تک اسکول میں معاشرتی علوم پڑھاکر عالمی ریکارڈ بناڈالا
اِلینوائے: 53 سال تک ایک اسکول میں پڑھا کر امریکا کے ایک استاد نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
امریکی ریاست اِلینوائے سے تعلق رکھنے والے 76 سالہ پال ڈیوریٹز نے وُوڈ لینڈ مڈل اسکول میں یکم ستمبر 1970 سے معاشرتی علوم پڑھانا شروع کی، جس کے بعد اب انہیں طویل عرصے تک معاشرتی علوم پڑھانے والے استاد کے گنیز ورلڈ ریکارڈ سے نوازا گیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز سے بات کرتے ہوئے پال ڈیوریٹز کا کہنا تھا کہ 1986 میں معاشرتی علوم کریکیولم کوآرڈینیٹر بننے کے بعد انہوں نے 20 سے زائد معاشرتی علوم اساتذہ کی رہنمائی کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بطور کوآرڈی نیٹر وسائل فراہم کرتے ہیں، کریکیولم کے حوالے رہنمائی کرتے ہیں اور انتظامیہ و شعبے کے درمیان بطور تعلق کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں ان کی دلچسپی ان کے والد کی وجہ سے پیدا ہوئی، جنہوں نے دوسری جنگِ عظیم میں خدمات انجام دی تھیں۔