حجاج کو گرمی سے بچانے کیلئے عرفات کی سڑکیں سفیدی سے رنگ دی گئیں
ریاض: حج انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور سعودی انتظامیہ اس برس حاجیوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے سرگرداں ہے، حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کے لیے شیلٹرز سمیت سڑکوں پر سفید پینٹ بھی ہورہا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق عرفات میں جھلسا دینے والی دھوپ کو جذب کرنے والا سفید رنگ مسجد نمرہ کی اطراف کی سڑکوں پر کیا جارہا ہے۔ جس سے تپش کی تمازت کم ہوگی اور عازمینِ حج تپتی دھوپ میں پیدل آسانی سے چل سکیں گے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کی روڈز جنرل اتھارٹی نے تیار کیا تھا۔ اس سفید رنگ کے خصوصی پینٹ سے درجہ حرارت میں 20 ڈگری سیلسیس کمی واقع ہونے کا امکان ہے۔
روڈز جنرل اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اس پینٹ کو خصوصی طور پر ایسے کیمیکلز سے تیار کیا گیا ہے، جن میں سورج کی شعاعوں کو جذب کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مسجد نمرہ کے آس پاس 25 ہزار مربع میٹر پر محیط سڑکوں پر پینٹ کیا گیا ہے۔ یہ وہ راستے ہیں جہاں سے حاجی میدان عرفات کی جانب جائیں گے۔
خیال رہے کہ عرفات میں ہی گزشتہ برس سفید رنگ کا یہ پینٹ سڑکوں پر پیدل چلنے کے نشانات ’’زیبرا کراسنگ‘‘ پر تجرباتی بنیاد پر کیا گیا تھا جس کے شاندار نتائج نکلے تھے اور درجہ حرارت میں 15 ڈگری تک کمی ہوئی تھی۔