عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سماعت کے لیے مقرر کردی، توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی، جس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا، 26 اکتوبر کو عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر باضابطہ سماعت کی جائے گی۔
عمران خان کے خلاف سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار خالد محمود کو بھی نوٹس جاری کردیا، توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔
اسی طرح چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے، الیکشن کمیشن کا چار رکنی بینچ 24 اکتوبر کو توہین الیکشن کمیشن کیسز پر سماعت کرے گا، چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر توہین الیکشن کمیشن کیسز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔