وزیراعظم کا پٹرول نرخ میں کمی کا اعلان، قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمت فی الفور 80 روپے کم کرکے 378 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پٹرول پر 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتا ہوں۔ پٹرول کی نئی قیمت 458 روپے سے کم کر کے 378 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 378 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔ اس کمی کا اطلاق اگلے ایک ماہ کے لیے پورے پاکستان پر ہوگا۔
وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کابینہ ارکان کی 2 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، عام آدمی کے لیے نئے چیلنجز ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی وسائل محدود ہیں، آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے، مہنگائی نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کی کمر توڑ دی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ پاکستان میں عام آدمی کس طرح زندگی بسر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کل قومی مشاورت کے حوالے سے وزیرخزانہ اور وزیر پٹرولیم نے اعلانات کیے ان اعلانات سے پہلے بھرپور مشاورت ہوئی تھی، صدرمملکت نے پوری قومی قیادت کو ایوان صدر میں دعوت دی تھی، ایوان صدر میں چاروں وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ موٹرسائیکل کو ایک لیٹر پٹرول پر 100 روپے اور گڈز ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار اور بڑے ٹرک کو 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی جب کہ چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ امداد فراہم کی جائے گی۔ ریل کے اکانومی کلاس کے مسافروں کے کرائے میں اضافہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل بلاتاخیر فراہم کرنے کی کمٹمنٹ کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وعدہ ہے کہ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام کی زندگی دوبارہ معمول پر نہیں آجاتی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو حکومت نے پٹرول 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسےمقرر ہوگئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔