اسرائیلی وزیراعظم کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کا امکان!

تل ابیب: بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے لیے اپنا اقتدار بچانا دشوار ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کو نئی حکومت کی تشکیل کے لیے ملنے والی ڈیڈلائن ختم ہوگئی، دائیں بازو رہنما نفتالی بینیٹ نے اپنی حمایت اپوزیشن لیڈر کے حق میں کردی ہے، اس کے بعد آئندہ چند دن میں نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کا امکان ہے۔
اس نئی پیش رفت کے بعد کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے نیتن یاہو اتحادی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہے، دو سے تین روز میں نیتن یاہو کا بارہ سالہ دور اقتدار ختم ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی حکومت کے خاتمے کو ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ میری حکومت کے خاتمے کے لیے ایک حکومتی اتحاد بننے جارہا ہے لیکن اگر ایسا ہوجاتا ہے تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑجائے گی۔
اس سے قبل نفتالی بینیٹ نے کہا تھا کہ اسرائیل پر سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والے نیتن یاہو کی حکومت کے خاتمے کے لیے وہ ایک خفیہ حکومتی اتحاد کا حصہ بننے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیل میں دو سال میں چار انتخابات ہوئے، تاہم کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہ کرسکی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔