مستقبل میں خلا میں سونے کی بارش کا امکان

فلوریڈا: انتہائی نایاب ستاروں پر مبنی نظام دریافت کرلیا گیا، ماہرین فلکیات نے اس نظام کو دریافت کیا ہے، جس میں مستقبل میں انتہائی شدید دھماکا ہوسکتا ہے اور اس کے نتیجے میں خلاء میں سونے کی بارش کا امکان ہے۔
یہ ستاروں پر مبنی نظام اتنا نایاب ہے کہ ماہرین کے مطابق ہماری کہکشاں میں اس جیسے صرف 10 نظام موجود ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظام کے حالات دو نیوٹرون ستاروں کے ملاپ کے سبب کلو نووا کے پیش آنے کے عین مطابق ہیں۔ ان ستاروں کے ملاپ کی صورت ایک روایتی نووا سے 1000 گُنا زیادہ روشن دھماکا ہوتا ہے۔
CPD-29 2176 نامی ستاروں کا یہ جتھہ زمین سے 11 ہزار 400 نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے اور اس کی نشان دہی پہلی بار ناسا کے نیل گیہریلز سوئفٹ آبزرویٹری نے کی تھی، جس کو 2004 میں خلاء میں بھیجا گیا تھا۔
چلی میں قائم سیرو ٹولولو انٹر امریکن آبزرویٹری کی اسمارٹس 1.5 میٹر ٹیلی اسکوپ سے لیے جانے والے مشاہدات سے ماہرین فلکیات اس نتیجے تک پہنچے کہ یہ نظام ایک دن ایک کِلو نووا کا سبب ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس نظام میں ایک نیوٹرون ستارہ موجود ہے جو الٹرا اسٹرپڈ سپر نووا کی وجہ سے وجود میں آیا ہے اور اس کے گرد ایک بڑا ستارہ گردش کررہا ہے جو خود الٹرا-اسٹرپڈ سپر نووا بننے کے عمل میں ہے۔
الٹرااسٹرپڈ سپر نووا عام سپر نووا سے اس لیے مختلف ہوتا ہے کیوں کہ ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بہت کم یا نہ ہونے کے برابر مواد نکلتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسا ہونے کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ پھٹتے ہوئے ستارے کا باہری ماحول اس کا ساتھی ستارہ ختم کردیتا ہے۔
پھٹنے والا ستارہ پھر نیوٹرون ستارہ بن جاتا ہے، لیکن کیوں کہ اس سپُر نووا میں دھماکا خیز طاقت موجود نہیں ہوتی، اس کا مطلب کہ اس کا ساتھی ستارہ ختم موجود رہتا ہے جب کہ روایتی سپر نووا اپنے ساتھی ستارے کو نظام سے باہر نکال دیتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔