سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر جھوٹی نکلی: اداکارہ بخیریت ہیں، منیجر

لاہور: معروف اداکارہ اور سپر ماڈل سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر کا ڈراپ سین ہوگیا اور حقیقت سامنے آگئی۔ اداکارہ زندہ اور بخیریت ہیں۔
آج دوپہر اداکارہ سعیدہ امتیاز کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ کے انتقال کی خبر شیئر کی گئی تھی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا گیا کہ سعیدہ امتیاز آج صبح اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

اداکارہ کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
کچھ سوشل میڈیا پیجز نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سعیدہ امتیاز بالکل ٹھیک ہیں اور ان کی موت کی خبر جھوٹی ہے، سعیدہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اور فیس بک ہیک ہوا ہے اور یہ اسٹوری ہیکرز کی جانب سے پوسٹ کی گئی ہے۔
بعدازاں اداکارہ کی منیجر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ سعیدہ امتیاز خیریت سے ہیں اور اُن کے انتقال کی جھوٹی خبر اکاؤنٹ ہیک ہونے کی وجہ سے پوسٹ ہوئی تھی، سعیدہ امتیاز خیریت سے اپنے لاہور والے گھر میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ 32 سالہ سعیدہ امتیاز فلم قلفی، ریڈرم، تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار، وجود، اور فلم کپتان میں کام کرچکی ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زندگی پر بنائی گئی فلم کپتان میں جمائما گولڈ اسمتھ کا کردار ادا کیا تھا۔
سعیدہ امتیاز کشمیری ہیں، جن کی پیدائش متحدہ عرب امارات میں ہوئی، وہ یو اے ای سمیت امریکا میں بھی مقیم رہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔