نودریافت شدہ سانپ کو ہالی وُڈ اداکار کا نام دے دیا گیا

لیما، پیرو: نودریافت شدہ سانپ کو ہالی وُڈ اداکار کے نام سے منسوب کردیا گیا۔ انڈیانا جونز کے لازوال کردار سے مشہور ہونے والے ممتاز ہالی وُڈ اداکار ہیریسن فورڈ کے نام پر ایک نودریافت شدہ سانپ کا نام رکھا گیا ہے۔ یہ سانپ سائنس کی دنیا میں نیا ہے، جسے ماہرِ آثار ہیرو، انڈیانا جونز کے نام پر ٹیکی میونوئڈز ہیریسن فورڈائی کا نام دیا گیا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق ہیریسن فورڈ ایک عرصے سے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں، جس کے اعتراف میں سانپ کی نئی نوع کو ان کا نام دیا گیا ہے۔
ٹیکی میونوئڈز ہیریسن فورڈائی نامی سانپ مئی 2022 میں اوٹیشی نیشنل پارک کے پہاڑی جنگل سے ملا تھا، جس کی کل لمبائی 40 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔ اس کی دریافت اور تصدیق کا سہرا سان مارکوس یونیورسٹی کے سائنس دانوں کے سر جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زردی مائل کتھئی سانپ پر سیاہ دھبے ہیں اور یہ بالکل نئی دریافت بھی ہے۔
اس کی دریافت کے بعد معروف فلمی ستارے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی اجازت دی اور خوشی کا اظہار کیا۔ ماہرین کے مطابق یہ نیا سانپ بالکل بے ضرر ہے اور مینڈکوں کو کھاتا ہے۔ اس کی تفصیلات جرمنی کے تحقیقی جریدے، سلے مینڈرا میں شائع ہوئی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔