تین بچوں کی ماں کی میٹرک امتحانات میں اول پوزیشن
سری نگر: جموں کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں تین بچوں کی ماہ سبرینہ خالق نے میٹرک کے پرائیویٹ بورڈ امتحانات میں اول پوزیشن حاصل کرلی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سبرینہ نے 500 میں سے 467 نمبر لے کر 93.4 فیصد سے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، انہوں نے ریاضی، اردو، سائنس اور سوشل سائنس میں اے ون گریڈ حاصل کیا۔
سبرینہ نے 2012 میں 9ویں جماعت کے امتحانات دیے تھے، جس کے بعد اگلے سال ان کی شادی ہوگئی اور وہ گھر کے کاموں میں مصروف رہیں، ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے پڑھائی کے لیے وقت نکالنا واقعی مشکل تھا، لیکن میں اپنی دو بڑی بیٹیوں کے اسکول جانے کے بعد پڑھائی کرتی تھی اور دن میں کچھ گھنٹے مطالعہ کرتی تھی اور مشکل سوالات کے لیے میں شام کے وقت ان کو سمجھنے کے لیے یوٹیوب کا استعمال کرتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تین نابالغ بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے اپنی پڑھائی دوبارہ شروع کرنا کبھی بھی آسان نہ تھا، وہ دن گئے جب خواتین شادی کے بعد اپنی پڑھائی چھوڑ دیتی تھیں۔
سبرینہ کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، ان کی بڑی بیٹی کی عمر 8 سال ہے جو کلاس 2 کی طالبہ ہے۔