دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی 200 کروڑ کے کلب میں شمولیت
لندن: پنجابی زبان میں بننے والی پاکستان کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے 200 کروڑ کے کلب میں شامل ہوگئی۔
بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بنی فلم اس سے قبل 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہونے والی پہلی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہے۔
فلم اب تک پوری دنیا میں 9.05 ملین ڈالر کا بزنس کرچکی جس کا پاکستانی روپے میں تخمینہ 200 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
اس میگا ہٹ فلم کی نمائش دنیا بھر میں جاری ہے اور فلم مزید کامیابی حاصل کرنے کیلئے تیار ہے۔
ایک برطانوی ذرائع ابلاغ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق پچھلے چار برسوں کے دوران یوکے باکس آفس میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ برصغیر پاک و ہند کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم بن چکی ہے۔
فلم 13 اکتوبر کو پوری دنیا میں ریلیز کی گئی اور یہ 1979 کی ایک کلاسک پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا ری میک ہے۔