دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا اختتامی منظر امریکی اسٹنٹ ایوارڈ کے لیے منتخب

لاس اینجلس: پاکستان کی تاریخ ساز فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی کامیابیوں کا سفر اب تک تھمنے میں نہیں آیا، اس بلاک بسٹر فلم کے اختتامی منظر کو امریکی اسٹنٹ ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
ٹورس ورلڈ اسٹنٹ ایوارڈز کے اعلامیے کے مطابق بلال لاشاری کی فلم کا منظر بیسٹ فائٹ سین کی کیٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ ہوا ہے۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا اختتامی لڑائی والا منظر مولا جٹ اور نوری نت کے درمیان ہوا تھا، جسے فواد خان اور حمزہ عباسی پر فلمایا گیا تھا۔
فلم کے اس منظر کو اسٹنٹ ماسٹر ایان وان ٹیمپرلے نے اپنی نگرانی میں کروایا تھا جب کہ پاکستانی فلم کے مقابلے میں دیگر فلموں ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس اور دی گرے مین بھی منتخب ہوئی ہیں۔
ہالی وُڈ کی متعدد بلاک بسٹر فلمیں ونس اپان اے ٹائم ان ہالی وُڈ، کنگز مین، فاسٹ اینڈ فیوریئس 6، انسیپشن اور ایوینجرز یہ اسٹنٹ ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔
فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ اکتوبر 2022 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے اپنی آمد کے ساتھ ہی پوری دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کیے جب کہ یہ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم کا اعزاز بھی اپنے پاس رکھتی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔