کراچی میں فائر بریگیڈ کا نظام انتہائی محدود پیمانے پر چلنے کا انکشاف

کراچی: شہر قائد میں فائر بریگیڈ کا نظام 10 فیصد سے بھی کم پر چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کی تباہ حال فائر بریگیڈ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
عالمی معیار کے مطابق ایک لاکھ کی آبادی پر ایک ماڈل فائراسٹیشن اور 4 گاڑیاں ضروری ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی میں کم از کم 200 فائر اسٹیشن کی ضرورت ہے لیکن شہر میں 21 فائر اسٹیشن ہیں اور بیشتر میں ڈرائیور اور دیگر عملہ ہی نہیں ہے، کراچی کو عالمی معیار کے مطابق 28,800 فائر فائٹرز درکار ہیں، لیکن موجود صرف 680 ہیں۔
ایسے ہی کراچی میں آگ بجھانے والی گاڑیوں کی تعداد 800 ہونی چاہیے لیکن صرف 62 گاڑیاں موجود ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی فائر بریگیڈ کی 38 گاڑیاں کئی سال سے خراب ہیں، جن کی مرمت نہیں ہوپائی اور 130 فائر ٹینڈرز کے ڈرائیورز کی اسامیاں خالی ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کے پاس دو اسنارکلز بھی عملہ نہ ہونے پر بیک وقت استعمال نہیں کی جاسکتیں۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے سے زائد سے 52 گاڑیاں کراچی کو فراہم کیں جن میں سے 26 فائر ٹینڈر کے ایم سی اور باقی دیگر اداروں کو دیے گئے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔