ایڈمنسٹریٹر کراچی کا عہدہ سنبھالتے ہی بڑا اعلان، پارکنگ فیس ختم

کراچی: نو متعین ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمان نے عہدہ سنبھالتے ہی بڑا اعلان کردیا، کے ایم سی کی پارکنگ فیس ختم کردی گئی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمان کی صدارت میں مختلف محکموں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف الرحمان کا کہنا تھا کے ایم سی آج سے پارکنگ وصول نہیں کرے گی، پارکنگ اسٹاف کو ہٹایا جائے اور آکشن ہونے تک شہریوں کے لیے پارکنگ مفت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا چڑیا گھر، سفاری پارک اور دیگر پارکوں میں ٹھیکے کے ایم سی کے ملازمین چلارہے ہیں، آج سے کے ایم سی ملازمین کے تمام ٹھیکے بند کردیے جائیں، کے ایم سی افسران اور عملہ پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ نہیں چلائے گا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایک ہفتے میں کے ایم سی کی دکانوں کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں 28 بڑی سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹ پر پودے لگائے جائیں، تمام پیڈسٹرین برج فوری درست کیے جائیں اور کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو کے محکمے اپنے ٹارگٹ ہر صورت میں پورا کریں، لینڈ ڈپارٹمنٹ جائیدادوں اور مکانات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔