بھارتی کرکٹ بورڈ کا ایشیا کپ کیلئے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ آج ممبئی میں ہوئی، جس میں جے شاہ نے پاکستان نہ جانے کا بیان دیا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے کہا کہ اگلے برس ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کے فورم کو نظرانداز کردیا، بھارت سے تعلق رکھنے والے اے سی سی کے صدر نے خود فیصلے سنانے شروع کردیے ہیں، انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بغیر ہی فیصلہ سُنایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے پر فی الحال اپنا مؤقف دینے سے انکار کردیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اے سی سی کے فیصلے کا انتظار کرے گا۔
دھیان رہے کہ پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔