تھرکول فیز ٹو کا افتتاح: 300 سال بجلی بنائی جاسکتی ہے، وزیراعظم

تھرپارکر: تھرکول توانائی منصوبے کے فیز 2 کا افتتاح کردیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تھرکول منصوبے سے ناصرف 300 سال کی بجلی بنائی جاسکتی ہے بلکہ سالانہ 7 ارب ڈالر تک زرمبادلہ بھی بچاسکتے ہیں۔
تھرکول توانائی منصوبے کے فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تھر تیزی سے ترقی کررہا ہے، عالمی منڈی میں کوئلے کی قیمت 67 سے 44 ڈالر پر آگئی ہے جب کہ تھر میں پیدا ہونے والی بجلی 10 روپے یونٹ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کوئلے کے 4000 میگاواٹ کے بجلی گھر لگے ہوئے ہیں، تھرکول کو پوری طرح پروموٹ کریں تو پاکستان کا زرمبادلہ بچے گا اور اس وقت لگنے والے کوئلے کے پاور پلانٹ سے آلودگی نہیں ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا تھر کے کوئلے سے 300 سال تک بجلی بنائی جاسکتی ہے، توانائی کی ضروریات کی درآمد کے لیے 24 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں، تمام کوشش کے باوجود گیس درآمد نہیں کی جاسکی، گیس اتنی مہنگی ہوگئی ہے کہ اب اس کا انتظام نہیں ہوسکا، تھر کا کوئلہ استعمال نہ کرنا بہت بڑی اجتماعی غلطی ہے، اس منصوبے سے پاکستان کے 5 سے 7 ارب ڈالر بچاسکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تھرکول ہمارے ایجنڈے میں اوپر ہے، یہاں ریل کا منصوبہ لگ گیا تو پاکستان کے چاروں کونوں میں تھر کا کوئلہ پہنچے گا، جہاں ضرورت ہے وہاں تھرکول پہنچادیں تو سالانہ 5 سے 7 ارب ڈالر کی بچت مشکل نہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔