مکڑی سے خوف زدہ خاتون نے پولیس بلالی
لندن: مکڑی سے خوف زدہ برطانوی خاتون نے پولیس سے مدد مانگ لی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کا وقت ضائع کرنے کی پاداش میں خاتون پر جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی ویسٹ یارکشائر پولیس نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر خاتون کی آڈیو شیئر کی جس میں وہ گھر سے مکڑی بھگانے کے لیے پولیس کو طلب کررہی ہیں۔
پولیس نے آڈیو کے ساتھ کیپشن دیا کہ پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 999 پر موصول ہونے والی فضول فون کالز میں سے ایک ہے، روزانہ قریباً 120 ایسی فون کالز موصول ہوتی ہیں جو پولیس کا وقت ضائع کرتی ہیں۔
خاتون آڈیو میں ایمرجنسی نمبر پر فون کرکے کہہ رہی ہیں کہ آپ شاید مجھے پاگل سمجھیں گے لیکن میں نے ہر کسی کو مدد کے لیے پکارا، کوئی نہ آیا، اب آپ میری آخری امید ہیں۔
خاتون نے فون آپریٹر سے کہا کہ میری گھر میں ایک بڑی مکڑی گھس آئی ہے جسے نکالنے کے لیے فوری کسی کو میرے گھر روانہ کریں۔
فون آپریٹر نے خاتون کو جواب دیا کہ بدقسمتی سے ایک مکڑی کو گھر سے نکالنے کیلئے پولیس ان کے گھر نہیں آسکتی۔