سشانت کی موت کے متعلق ریا چکرورتی کا بڑا انکشاف!

ممبئی: بولی وُڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی نے اپنی درخواست ضمانت میں دعویٰ کیا کہ سشانت منشیات کا عادی تھا اور اپنے اسٹاف سے منشیات منگواتا تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریا چکرورتی نے ضمانت کے لیے دوسری مرتبہ درخواست دائر کی، جس میں انہوں نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور دیگر ایجنسیوں کی تحقیقات کو اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریا چکرورتی اور ان کے بھائی کی درخواست ضمانت پر آج ہونے والی سماعت ممبئی میں طوفانی بارش کے باعث ملتوی کردی گئی جس پر کارروائی کل ہوگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے ریا چکرورتی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 6 اکتوبر تک توسیع کی ہے۔
ریا نے اپنی درخواست ضمانت میں کہا یہ بات واضح ہے کہ صرف سشانت سنگھ ہی منشیات کا عادی تھا اور وہ اپنے اسٹاف سے بھی منشیات منگوایا کرتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریا چکرورتی نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ لوگوں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر سشانت نے اپنی موت سے تین روز قبل اپنے باورچی نیرج کو گانجا کے رول بناکر اسے کمرے میں لانے کا کہا تھا۔
ریا چکرورتی نے اپنی درخواست میں کہا کہ سشانت کے باورچی نیرج نے سی بی آئی اور پولیس کو بتایا کہ اس نے گانجا کے رول بناکر اور اسے ایک ڈبے میں بند کرکے سشانت کے کمرے میں رکھا جس کے بعد سشانت اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔
ریا کے مطابق سشانت کے باورچی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اداکار نے گانجا کے تمام رول کا استعمال کیا جس کے بعد ڈبا مکمل خالی تھا، اس لیے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جمع کیے گئے شواہد میں یہ واضح ہے کہ سشانت سنگھ اکیلے ہی منشیات کا عادی تھا اور اس کے اردگرد رہنے والے لوگ اس عادت میں اس کا ساتھ دیتے تھے۔
ریا چکرورتی کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اداکار سشانت سنگھ کو سگریٹ نوشی کے ساتھ گانجا کی مسلسل عادت تھی جب کہ اسی عادت کی وجہ سے اس نے اپنی فلم کی شوٹنگ کیدارناتھ کے دوران بھی منشیات لی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔