عدالت عظمیٰ کا عمران کو پیش کرنے کا حکم، پولیس سابق وزیراعظم کو لیکر روانہ
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ساڑھے 4 بجے تک پیش کرنے کا حکم دے دیا، جس کے بعد پولیس سابق وزیراعظم کو لے کر سپریم کورٹ روانہ ہوگئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کا انسداد دہشت گردی اسکواڈ عدالت کے اطراف موجود ہے جب کہ پولیس کی جانب سے عدالت کے باہر سے غیر معینہ گاڑیوں کو بھی ہٹادیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز چیلنج کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہائی کورٹ کا عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔