گریڈ ایک تا 7 کے سرکاری ملازمین بحال، اپر گریڈ والوں کو ٹیسٹ پاس کرنے کا حکم
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے سرکاری ملازمین کی بحالی کی اپیلیں مسترد کردیں، تاہم آرٹیکل 184/ 3 (ازخود نوٹس) اور 187 کے اختیار کو استعمال کرتے ہوئے گریڈ ایک سے 7 کے سرکاری ملازمین کو بحال کردیا جب کہ اس سے اوپر کے گریڈ کے ملازمین کی بحالی کو محکمہ امتحان سے مشروط کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں سرکاری ملازمین کی بحالی کی اپیلوں پر کیس کی سماعت ہوئی، درخواستوں پر سماعت جسٹس عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کی، گزشتہ روز اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ عدالت نے سرکاری ملازمین کی بحالی کی اپیلیں مسترد کردی ہیں، چار ججز نے اپیلیں مسترد کرنے کے حق میں فیصلہ دیا جب کہ جسٹس منصور علی شاہ نے اپیلیں مسترد کرنے سے اختلاف کیا۔
عدالت نے آرٹیکل 184/ 3 اور آرٹیکل 187 کے اختیار کو استعمال کرکے گریڈ ایک سے 7 کے ملازمین کو بحال کردیا جب کہ گریڈ 8 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی بحالی کو محکمانہ ٹیسٹ پاس کرنے سے مشروط کردیا، تاہم کرپشن مس کنڈکٹ یا عدم حاضری پر نکالے گئے ملازمین بحال نہیں ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ بھرتی کے وقت ٹیسٹ لازمی کی شرط کو فالو کیا جائے گا، جن ملازمین نے بھرتیوں کے وقت ٹیسٹ نہیں دیا اب دیں گے۔