سمری پر صدر نے دستخط کردیے، جنرل عاصم منیر آرمی چیف مقرر
اسلام آباد: اہم تقرریوں سے متعلق سمری پر صدر پاکستان عارف علوی نے دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہوگئے ہیں۔
دھیان رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری آج ایوان صدر کو موصول ہوئی تھی، جس کے بعد صدر عارف علوی نے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔
صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔
صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری دیے جانے کے بعد وزیراعظم ہاؤس آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹس چیفس کی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آج ہی وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات ہوگی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بھی صدر اور وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔