پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی، 14 نومولود جاں بحق
اسلام آباد: پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کی نرسری میں صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایئرکنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے آگ لگی جو بجھادی گئی، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 بچے موجود تھے، لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچاسکی جب کہ 14 جاں بحق ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ پمز اسپتال کے ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، امدادی کارروائیوں میں فائربریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور 4 ایمبولینسز نے حصہ لیا، حادثے میں 14 بچے مکمل جھلس گئے۔
انتظامیہ کے مطابق واقعے کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، انکوائری کمیٹی آگ لگنے کی وجوہ کا تعین کرے گی۔
انکوائری کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کریں گے جب کہ کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی اور ایس پی سٹی بھی شامل ہیں، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن اور ڈی جی سی ڈی اے بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
آئیسکو اور پمز اسپتال کے افسران کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، انکوائری کمیٹی تحقیقات کے بعد 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ پمز اسپتال کے ایم سی ایچ وارڈ کے تیسرے فلور پر لگی تھی، واقعہ کی انکوائری کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسری میں 15 بچے موجود تھے، صرف ایک کو ہی بچایا جاسکا۔