چینی کی قیمت میں ہوش رُبا اضافہ، 95 روپے بکنے لگی!
اسلام آباد/ کراچی: فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ نے 8 روپے کا اضافہ کر کے چینی کی قیمت 88 روپے فی کلو مقرر کردی۔
کوئٹہ میں بھی ایک کلو چینی کی قیمت 90 سے بڑھ کر 95 روپے ہوگئی۔ لاہور اور کراچی میں ایک کلو چینی 90 سے 95 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
گذشتہ ماہ ہی وزیراعظم نے ایک کلو چینی 81 روپے ہونے پر اپنی معاشی ٹیم کو شاباش دی تھی۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھ دیا ہے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ حکومتی احكامات پر کرشنگ 30 نومبر سے 15-20 روز قبل شروع کی گئی، گنے سے ریکوری انتہائی کم رہی اور ملک قریباً 3لاکھ ٹن چینی سے محروم ہوا۔
خط میں کہا گیا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مڈل مین کو دخل اندازی کی اجازت نہیں ہوگی، کہا گیا تھا 200 روپے فی من گنے کی قیمت یقینی بنائی جائے گی، لیکن تمام صوبوں کے کین کمشنر مڈل مین کا کردار ختم کرانے میں مکمل ناکام رہے۔