سبسڈی کا مقصد غریب کو اوپر لانا، یہاں طاقتور لوگ سبسڈی لے رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ سبسڈی کا مقصد غریب کو اوپر لانا ہے، لیکن پاکستان میں طاقتور لوگ سبسڈی لے رہے ہیں۔
عمران خان نے اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جمہوری ملک کے عوام کو ملکی مسائل اور چیلنجز کا علم ہوتا ہے، سبسڈی کا مقصد غریب کو اوپر لانا ہے، سبسڈی کا دوسرا مقصد جی ڈی پی کو بڑھانا ہوتا ہے لیکن یہاں طاقتور لوگ سبسڈی لے رہے ہیں۔ توانائی کا بحران نہ ہوتا اگر ہم معاملات کو زیر بحث لاتے، بدقسمتی سے کبھی قومی مسائل پر بات ہی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں میں گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی معاملات پر بحث کی گئی ہے، سردیوں میں ہمیں گیس کی کمی اور بحران کا سامنا ہوتا ہے، امید ہے ہم گیس کی پیداوار میں کامیاب ہوں گے، بعض اوقات گیس کی پیداوار کے لیے اقدامات میں آگے نہیں بڑھتے، گیس کی پیداوار کے لیے بھی بھاری اخراجات کی ضرورت ہوتی ہے، 27 فیصد پاکستانیوں کو گیس پائپ لائن سے ملتی ہے اور میں بھی ایل پی جی گیس کا استعمال کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک میں باہر سے گیس لاکر بیچ ہی نہیں سکتے، ہمیں سبسڈی کی مد میں جو فائدہ ہوتا ہے وہ ہمارے قرضوں پر چلا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وفاق صوبوں کو بساط کے مطابق فنڈز دیتا ہے، چین کی معیشت اور اداروں میں کامیابی کا راز میرٹ ہے، چین 20 سالہ طویل المدتی منصوبے بناتا ہے، پاکستان میں بے پناہ وسائل ہیں لیکن اس پرکام کے لیے ماضی میں سوچا ہی نہیں گیا، چین کی بڑھتی ہوئی معیشت کا راز نظام کی مضبوطی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔