سری لنکن صدر مالدیپ فرار، ملک میں ایمرجنسی کا نفاذ

کولمبو: سری لنکن صدر گوتابیا راجاپاکسے ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
سری لنکن ایوان وزیراعظم نے ملکی صدر کے فرار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جب کہ مغربی صوبے میں کرفیو بھی نافذ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو محافظوں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک میں شدید عوامی احتجاج کے بعد صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ استعفے کے اعلان کے بعد سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ سری لنکا کے صدر مالدیپ میں قیام نہیں کریں گے اور وہ وہاں سے کسی اور ملک روانہ ہوں گے۔
سری لنکن صدر کے بھائی اور سابق وزیر خزانہ باسل راجاپاکسے بھی ملک سے فرارہوگئے ہیں اور ان کے امریکا جانے کا امکان ہے، سابق وزیر خزانہ کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔
علاوہ ازیں سری لنکا میں بھارتی ہائی کمیشن نے سری لنکن صدر کے ملک سے فرار میں مدد کی خبروں کی تردید کی ہے۔
سری لنکا میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر کے ملک سے فرار میں بھارتی سہولت کاری کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
ہائی کمیشن کے مطابق بھارت سری لنکا کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن صدر کا استعفیٰ بدھ کو پارلیمنٹ اسپیکر کو موصول ہونے کا امکان ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔