کورونا وبا، کراچی کی کچھ یوسیز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
کراچی: شہر قائد میں کورونا وائرس کا پھيلاؤ روکنے کے لیے ضلع وسطی میں ایک بار پھر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرديا گيا ہے۔
ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 11 جون تک رہے گا۔
کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کی متعدد یوسیز کو لاک ڈاؤن کے باعث بند کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں کورونا کے 203 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور کورونا مریضوں کی نشان دہی پر مائيکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگايا گيا ہے۔ ان میں سے گلبرگ کی 4، لیاقت آباد 10، نارتھ ناظم آباد کی 9، نارتھ کراچی کی 11 یوسیز میں مریضوں کی نشان دہی ہوئی ہے۔
ادھر کراچی کے ضلع جنوبی میں فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 26 لوگوں پر جرمانے عائد کرکے 7 دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر گارڈن نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے اور فیس ماسک نہ پہننے پر 10 افراد پر جرمانے عائد کردیے ہیں۔
مختیار کار لیاری نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 3 سیلون کو سیل کردیا اور فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 5 افراد پر جرمانے عائد کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی، فیس ماسک استعمال نہ کرنے پر 16 لوگوں پر جرمانے عائد کیے۔
چار روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ عوام نے اگر تعاون کیا تو 2 ہفتوں کے بعد کیسز کم ہوجائیں گے، جس کے بعد ہم بحالی کی طرف جاسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پابندی کے دوران کاروبار کے اوقات صبح 5 سے شام 6 بجے ہوں گے۔ بیکری اور ملک شاپ رات 12 بجے تک کھلی رکھی جاسکتی ہیں۔ ڈیپارٹمنٹل اور سپراسٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جمعہ اوراتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔