سندھ میں نئی کورونا پابندیاں، شادیوں میں کھانا ڈبوں میں دینے کی ہدایات
کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں سندھ اور بالخصوص کراچی میں کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے تحت تمام شادی ہالز، مارکیٹس اورعوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا، اس کے علاوہ شادی کی تقریبات میں کھانا ڈبوں میں فراہم کیا جائے گا۔
مارکیٹس میں ویکسین شدہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی اور انتظامیہ کو ویکسی نیشن کارڈ کا ریکارڈ چیک کرانا لازمی ہوگا۔
حکومت نے ویکسی نیشن مہم پورے صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔
اس کے علاوہ ریسٹورنٹس پر نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جو ریسٹورنٹس ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو اس جاری کورونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ دنوں بعد دوبارہ ٹاسک فورس اجلاس ہوگا جس میں صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد مزید فیصلے کیے جائیں گے۔