کورونا وبا، سندھ میں کاروباری سرگرمیاں 6 بجے بند کرنے کا حکم

کراچی: سندھ میں بزنس سینٹرز اور مارکیٹیں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ ہفتہ اور اتوار کو صرف ضروری کاروبار کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں ایس او پیز کے حوالے سے حکم نامہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق تمام اندرون خانہ اجتماع، بزنس سینٹرز، سنیما، جیم خانہ اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، بزنس سینٹرز اور مارکیٹیں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھلی رہیں گی، ہفتہ اور اتوار کو صرف ضروری کاروبار کی اجازت ہوگی، ریسٹورنٹس میں کھلی جگہ پر کھانا کھانے کی اجازت ہوگی جب کہ رات 10 بجے تک کھانا گھر لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے ہدایت جاری کی کہ تمام سرکاری، نجی دفاتر اور عوامی مقامات پر فیس ماسک پہنے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جائے، چھت کے نیچے شادی کی تقریبات پر پابندی عائد ہے جب کہ شادی کی تقریب کھلے مقام پر کی جاسکتی ہے جس میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی اس کے علاوہ بوفے پر پابندی عائد ہوگی، تقریب رات 9 بجے تک جاری رہے گی، مہمانوں کو بکس پیک کھانے دینے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے سرکاری اور نجی اداروں میں گھر پر رہ کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ 50 فیصد اسٹاف کو دفاتر بلایا جائے، اطلاق 31 جنوری 2021 تک رہے گا۔
دریں اثنا کمشنر کراچی افتخارشالوانی نے کورونا وبا سے محفوظ رکھنے کیلیے تمام ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کردی ہے تمام ڈپٹی کمشنر ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائے۔
کمشنر کراچی نے احکامات جاری کیے ہیں کہ منگل سے ریسٹورنٹس کے اندر بیٹھ کر کھانے پینے پر پابندی عائد ہوگی، یہ فیصلہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، کراچی انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔