سندھ حکومت کا یومیہ ایک لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ!

کراچی: سندھ حکومت نے یومیہ ایک لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ کووڈ کی پہلی لہر میں 11 جون 2020 کو سب سے زائد 3038 کیسز تھے، کووڈ کی دوسری لہر میں 10 دسمبر 2020 کو سب سے زائد 1983 کیسز ہوئے، 29 اپریل 2021ء کو کووڈ کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ 1064 کیسز رپورٹ ہوئے۔
لاک ڈاؤن پر عمل کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 مئی کو قریباً لاک ڈاؤن تھا، برآمدات پر مبنی صنعتی یونٹس عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر3 سے 9 مئی تک کیسز کا ڈیٹا دیکھا جائے تو کراچی میں 9.48 فیصد کیسز آرہے ہیں، حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح11.81 فیصد اور سکھر میں 5.92 فیصد ہے جب کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں یہ شرح 3.92 فیصد ہے، کل کورونا کی وجہ سے 16 اموات ہوئیں، تاجروں اورعوام کا شکر گزار ہوں کہ وہ اس صورت حال میں تعاون کررہے ہیں، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے عوام کے تحفظ کی خاطر کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایک لاکھ ویکسین روزانہ لگائی جائیں، ایکسپو سینٹرمیں یومیہ 50 ہزار ویکسی نیشن کی گنجائش بنائی جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔