سندھ بار کونسل کے سیکریٹری قاتلانہ حملے میں جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان علی مہر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عرفان مہر کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ گلستان جوہر بلاک 13 میں پیش آیا، عرفان علی مہر کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے عرفان کو پے درپے کئی گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے جب کہ وکیل رہنما نعیم قریشی ایڈووکیٹ کے مطابق 45 سالہ عرفان مہر گلستان جوہر کے رہائشی تھے اور اپنی بچی کو کار میں اسکول چھوڑنے کے لیے بلاک 13 میں پہنچے تو واپسی پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے انہیں کار میں ہی نشانہ بنایا۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے وقت گاڑی میں عرفان علی مہر کے ہمراہ ان کا بھتیجا بھی تھاجو محفوظ رہا، عرفان مہر کو 3 گولیاں لگیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں۔
گلستان جوہر میں فائرنگ سے وکیل کی ہلاکت کے واقعے کی سی سی ٹی وی بھی پولیس کو موصول ہوگئی ہے، ویڈیو میں ملزمان کو ہیلمٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے اور ملزم کو گاڑی پر فائرنگ کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور جنرل سیکریٹری کراچی بارایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے مطالبہ کیا کہ عرفان علی مہر کے قاتل کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے عرفان علی مہر کے قتل پر آج عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجاً عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔