مولانا فضل سمیت 20 سیاستدانوں پر دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت 20 نامور سیاست دانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں سی پیک کے خلاف سازش ہورہی ہے اور شدید خطرات لاحق ہیں، تاہم ہماری فورسز نے سی پیک کے خلاف کسی تھریٹ کو کامیاب ہونے نہیں دیا، سیاست دانوں پر بھی حملے ہوچکے ہیں اور اس وقت پاکستان کے 20 نامور سیاست دانوں کی زندگیوں کو شدید خطرات ہیں اور تھریٹ الرٹ جاری کردیا گیا، مولانا فضل الرحمان پر حملے کا خدشہ ہے اور ان کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ رکھتے ہیں، کوئی ایسا آرمی چیف اور جج نہیں جس سے انہوں نے تصادم نہ کیا ہو، نوازشریف نے اپنی سیاست کو خود دفن کیا ہے، ان سے گزارش ہے کہ لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالیں، منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے والے نہیں بچ سکیں گے، عمران خان ایسی قانون سازی کریں گے کوئی کرپٹ نہیں بچے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے گزارش ہے کہ ذاتی لڑائی مت لڑیں، وہ اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جس میں وہ خود صدارتی امیدوار تھے، اب ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، مولانا فضل الرحمان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر عمران خان سے نہیں تو کس سے بات کرنا چاہتی ہے، ان لوگوں کی سیاست دیکھیں یہ لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں، ہرخاندان نے کمپنی کی مشہوری کے لیے ایک آدمی چھوڑا ہوا ہے، بالآخر مسائل کا حل اسمبلیوں میں ہی نکلے گا، اچھا موقع ہوگا اپوزیشن اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لے، اگر اپوزیشن نے حصہ نہ لیا تو عمران خان کو سینیٹ میں دوتہائی اکثریت مل جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔